ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: کے آر مارکیٹ سمیت بڑے مارکیٹوں کو کھولنے کی اجازت؟ کووِڈ معا ملات میں مسلسل کمی کا نتیجہ، خصوصی کیمپ کے ذریعہ کالج طلبہ کو ویکسین

بنگلورو: کے آر مارکیٹ سمیت بڑے مارکیٹوں کو کھولنے کی اجازت؟ کووِڈ معا ملات میں مسلسل کمی کا نتیجہ، خصوصی کیمپ کے ذریعہ کالج طلبہ کو ویکسین

Sat, 03 Jul 2021 14:40:39    S.O. News Service

بنگلورو،3؍جولائی(ایس او نیوز)لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے بند بڑے مارکیٹوں، سنیمااور سیریلس کی انڈر شوٹنگ کے لئے اجازت ملنے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں۔

بروہت بنگلور مہا نگر پا لیکے(بی بی ایم پی) ذرائع کے مطابق کووِڈ۔19کی دوسری لہر پر قابو پانے احتیاطی طور پر کے آر مارکیٹ، شیواجی نگرکے رسل مارکیٹ،یشونت پور کا اے پی ایم سی مارکیٹ،مڈیوال کا ترکاری مارکیٹ سمیت بڑے مارکیٹ بند کر دئے گئے ہیں۔ فی الحال شہر میں کووِڈ کے معا ملات میں کمی کے پیش نظر تیسرے مرحلہ کے اَن لاک کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت بڑے مارکیٹوں میں کاروبار کا موقع دئے جانے کے سلسلہ میں بی بی ایم پی نے حکومت کوپیشکش روانہ کی ہے۔

ذرائع نے بتا یا کہ اَن لاک کے دوسرے مرحلہ میں دکانوں،تجارتی مراکز کو صبح6تا شام5بجے تک کاروبار کر نے کی اجازت دی گئی تو آئندہ اس میں توسع کرتے ہو ئے بی بی ایم پی رات7بجے تک کاروبار کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔ ساتھ ساتھ مارکیٹ کے علاقوں میں کووِڈ ضوابط پر سختی سے عمل کر نے پر زور دیا ہے۔

بی بی ایم پی کے ایک افسر نے بتا یا کہ مارکیٹ سمیت کثیر تعداد میں عوام اکٹھا ہو نے کے مقامات پر مارشلز کو تعینات کر نے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ کووِڈ ضوابط کی خلاف ورزی کر نے والے دکان مالکان اور گاہکوں کو جرمانہ عائد کر نے اور حسب ضرورت کووِڈ ٹسٹ مراکز قائم کر نے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس دوران کرناٹکا چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سارا گووند نے بی بی ایم پی چیف کمشنر گورو گپتا سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا کہ فلموں اورسیر یلس کے انڈر شوٹنگ کی اجازت دی جائے۔ اس دوران بی بی ایم پی کے چیف کمشنر گورو گپتا نے بتا یا کہ شہر میں داخل ہو نے والوں کو کووِڈ ٹسٹ رپورٹ آر ٹی پی سی آر لانا لاز می نہیں ہے۔

اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے گپتا نے بتا یا کہ بی بی ایم پی کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ریاستوں اور اضلاع سے شہر میں داخل ہو نے والوں کو کووِڈ نگیٹیو رپورٹ پیش کرنا لاز می قرار دینے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے،لیکن اسے لازمی کرتے ہوئے قانون جاری کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلئے صرف سرحدی اضلاع میں ہی نگیٹیو رپورٹ لانا لا زمی قرار دیا گیا ہے اور بنگلور آنے والے دیگرافراد کو نگیٹیو رپورٹ لاز می قرار نہیں دی گئی ہے۔بی بی ایم پی چیف کمشنر نے کہا کہ احتیاطی طور پر کووڈ ٹسٹ کروانا بہتر ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ شہر میں روزانہ700تا800کووڈ معاملات درج کئے جا رہے ہیں، ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن میں مزید نرمی لانے کا دباؤ بڑھ رہا ہے،لیکن عوام کی جانب سے لازمی طور پر کووڈ ضوابط پر عمل کر نے سے ہی اَن لاک میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ ملک کی اکثر ریاستوں میں ابھی مکمل اَن لاک نہیں کیا گیا ہے،لیکن اَن لاک کی کامیابی کا دارو مدار عوام پر ہے بالخصوص تاجران اور صارفین کو احتیاط برتنی چاہئے۔ گورو گپتا نے بتا یا کہ شہر ی حدود میں 60 سے زیادہ مقا مات پر خصوصی ویکسین کیمپ منعقد کر تے ہو ئے کالجوں کے طلبہ کو ویکسین دیا جا رہا ہے۔


Share: